Stay on this page and when the timer ends, click 'Continue' to proceed.

Continue in 17 seconds

غزہ اسپتال بمباری، اسرائیلی حملوں میں 3 سالہ بچی، 2 صحافیوں سمیت 113 شہید

غزہ اسپتال بمباری، اسرائیلی حملوں میں 3 سالہ بچی، 2 صحافیوں سمیت 113 شہید

Source: jang.com.pk

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی ڈرون طیاروں نے غزہ کے الاقصیٰ اسپتال پر بمباری کردی ، غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری ، توپخانے سے گولہ باری اور براہ راست حملوں کے نتیجے میں 2صحافیوں سمیت مزید 113فلسطینی شہید ہوگئے ، الجزیرہ کے بیورو چیف کے بڑے بیٹے حمزہ اور ساتھی صحافی سمیت خان یونس میں نشانہ بنے، 3سالہ بچی مقبوضہ بیت المقدس میں چیک پوسٹ کے پاس فائرنگ سے شہید ہوئی ، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے، فائرنگ، 4بھائیوں سمیت 8فلسطینی شہید، دو اسرائیلی بھی مارے گئے ، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 22ہزار 835ہوگئی ہے، 3ماہ کے دوران اسرائیلی حملوں میں زخمیوں کی تعداد 58ہزار 416ہوگئی ہے ،اسرائیلی بارڈر پولیس نے ایک 3سالہ بچی کو فائرنگ کرکے شہید کردیا ، رقیہ احمد نامی بچی کو مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں ایک چیک پوائنٹ کے قریب فائرنگ کرکے شہید کیا گیا ، اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں ایک کار پر فضائی حملہ کیا جس میں الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کے بڑے بیٹے حمزہ الدحدودح اور فرانسیسی صحافی مصطفیٰ ثوریا شہید ہوگئے ، امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن نے وائل الدوحدوح کیساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کیلئے ایک مشکل ترین لمحہ ہے ، اس سے قبل ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوچکے ہیں ، دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 8فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ مختلف حملوں میں دو اسرائیلی ہلاک ہوگئے ،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنین کے مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں4بھائیوں سمیت 7فلسطینی شہید ہوئے ، اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ جنین کیمپ پر حملے کے دوران ایک خاتون افسر اس وقت ہلاک ہوگئیں جب ان کی گاڑی دھماکا خیز مواد سے ٹکراگئی ، حملے میں 3دیگر افسران زخمی بھی ہوئے۔ اسی طرح رملہ کے شمال میں واقع ابوین نامی گاوں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوگیا ۔ اس سے قبل رملہ میں ایک اسرائیلی شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ 7اکتوبر کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور غیر قانونی طور پر آباد شدت پسند یہودی آبادکاروں کے حملوں میں 329فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے ۔اردن کے شاہی محل نے کہا کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن سے ملاقات میں ان پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور انسانی بحران کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ شاہ عبداللہ نے بلنکن کو "غزہ کے خلاف جارحیت کے جاری رہنے کے تباہ کن اثرات کے خلاف خبردار کیا اور المناک انسانی بحران کو ختم کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات کے بعد کہا کہ بیرو یروت میں حماس کے نائب سیاسی رہنما صالح العروری کے قتل نے اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات کی قطر کی کوششوں کو متاثر کیا ہے تاہم دوحہ نے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ احمر میں جنگی کارروائیاں "ناقابل قبول" ہیں۔ اینٹونی بلنکن نے اس موقع پر کہا کہ بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملے دنیا بھر کے لوگوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، امریکا "خطے میں میری ٹائم سیکورٹی کا دفاع جاری رکھے گا۔